Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

معروف بھارتی اداکار رشی کپور 67برس کی عمر میں انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2020 07:41am
فائل فوٹو

ممبئی :کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے معروف بھارتی اداکار رشی کپور 67برس کی عمر میں انتقال کرگئے ،رشی کپور ممبئی کے اسپتال میں  زیرعلاج تھے ۔

بھارتی میڈیاکے مطابق،67سالہ بھارتی اداکاررشی کپور 2018 سےکینسر میں مبتلا تھے ،جنہیں بدھ کی رات طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال میں رشی کپور  کی حالت سنبھل نہیں سکی جس کے باعث وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔

رشی کپور کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے کی اور اس دوران رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

گزشتہ برس  لیجنڈ اداکار کی اہلیہ نیتو سنگھ نے  رشی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔

رشی کپور نیویارک میں زیر علاج تھے اور علاج کرانے کے بعد وہ واپس بھارت آئے تھے۔

 رشی کپور کا فلمی کیرئیر

لیجنڈری اداکار رشی کپور نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1970 میں راج کپور کی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کے ہی بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔

اس کے بعد رشی کپور نے پہلی مرتبہ فلم ’بابی ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا جس سے انہوں نے شہرت کی بلندیاں کو چھوا۔

رشی کپور نے متعدد مقبول فلموں میں کام کیا جس میں لیلیٰ مجنوں، چاندنی، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ، چاندنی اور دیگر مشہور فلمیں شامل ہیں۔

رشی کپور نے آخری مرتبہ 2018 میں فلم ’102‘ میں اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد سے ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔

معروف اداکار نے اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد لیجنڈری اداکاروں سمیت نئے نوجوان اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

رشی کپور نے اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرتے ہوئے فلم فیئر، نیشنل فلم ایوارڈز سمیت کئی اعزاز بھی اپنے نام کیے۔